ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان اپنی سب سے کم درجہ بندی پر پہنچا

آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان اپنی سب سے کم درجہ بندی پر پہنچا

Mon, 05 Sep 2016 17:24:27  SO Admin   S.O. News Service

 

دبئی، 5 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستان ٹیم کی عالمی کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کی امیدوں کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب وہ انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1-4سے شکست کھانے کی وجہ سے اپنی اب تک کی سب سے کم درجہ بندی 86تک پہنچ گئی۔پانچویں اور آخری ون ڈے میں چار وکٹوں سے جیت درج کرنے کے باوجود پاکستان پر عالمی کپ 2019کے لیے سیدھے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہنے کا خطرہ منڈلا رہا ہے کیونکہ وہ اب وہ آٹھویں نمبر پر قابض ویسٹ انڈیز سے 8 پوائنٹس پیچھے ہے۔ویسٹ انڈیز آئی سی سی درجہ بندی میں آٹھویں اور پاکستان نویں نمبر پر ہے۔پاکستان کے سریز کے شروع میں 87پوائنٹس تھے اور 2001میں موجودہ درجہ بندی سسٹم شروع ہونے کے بعد وہ ابھی اپنے سب سے کم پوائنٹس پر ہے۔پاکستان کو اب ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا سے ون ڈے سریز کھیلنی ہے اور اسے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019کے لیے بلا مقابلہ کوالیفائی کرنے کے لیے کافی مشقت کرنی ہوگی۔آسٹریلیا اور انگلینڈ نے بالترتیب سری لنکا اور پاکستان کے خلاف 4-1کے فرق سے جیت درج کرکے آئی سی سی ون ڈے ٹیم درجہ بندی میں اپنی پوزیشن کو بہتر کیا ہے۔پلے کل میں سری لنکا کے خلاف پانچ وکٹ سے جیت درج کرنے والی آسٹریلیائی ٹیم کے اب 123کے بجائے 124پوائنٹس ہو گئے ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر قابض نیوزی لینڈ سے 11پوائنٹس آگے ہو گئی ہے۔اگر بنگلہ دیش افغانستان کے خلاف سبھی تینوں میچ جیت لیتا ہے اور انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنے میں کامیاب رہتا ہے تو وہ اپنی بہترین درجہ بندی پر پہنچ جائے گی۔وہ فی الحال ساتویں نمبر پر ہے۔اس درمیان انگلینڈ نے پاکستان پر متاثر کن جیت کرکے دیگر ممالک کو اگلے سال ہونے والی آئی سی سی چمپئنز ٹرافی سے پہلے ٹھوس اشارہ دے دیا ہے ۔انگلینڈ کی نگاہیں اب 50اووروں کا اپنا پہلا آئی سی سی خطاب جیتنے پر ٹکی ہیں۔پاکستان کے خلاف سیریز میں جیت سے انگلینڈ کے 106کے بجائے 107پوائنٹس ہو گئے ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر ہے ۔انگلینڈ اب ہندوستا ن اور جنوبی افریقہ سے تین پوائنٹس پیچھے ہے۔ان دونوں کے 110پوائنٹس ہیں ،اس کے باوجود ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے۔انگلینڈ اور آئی سی سی ون ڈے ٹیم درجہ بندی میں 30؍ستمبر 2017تک سب سے اوپر مقام پر قابض سات ٹیمیں ورلڈ کپ 2019کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گی جبکہ باقی دو ٹیموں کو 10 ٹیموں کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر 2018میں کھیلنا ہو گا ۔

Share: